نوازشریف ستمبرمیں پاکستان واپس آئیں گے:وفاقی وزیر

   

اسلام آباد : پاکستان کے وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے پیر کو دعویٰ کیا ہے کہ حکمران مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈراور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف ستمبرمیں وطن لوٹ آئیں گے۔جاوید لطیف نے لاہور میں سوموار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی عدم موجودگی میں پاکستانی سیاست میں ’’برابری کا میدان‘‘ناممکن ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام بھی نوازشریف کی واپسی کے خواہش مند ہیں۔انھوں نے کہا کہ پی ایم ایل ن اپنے پارٹی سربراہ کو واپسی پرجیل واپس جانے کی اجازت نہیں دے گی۔ انھوں نے وضاحت کی کہ جماعت کو لگتا ہے کہ ان کے خلاف ’’ناانصافی‘‘ کی گئی ہے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ تین مرتبہ کے سابق وزیراعظم کو سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی ہدایات پرنااہل قراردیا گیا تھا۔جاوید لطیف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال کیا کہ کیا جنھوں نے نوازشریف کو’’ہٹایا‘‘تھا اور عمران خان کے اقتدارمیں آنے میں سہولت فراہم کی تھی ،نھوں نے ابھی تک سبق نہیں سیکھا تھا۔