نوجوان تعلیمی قابلیت کے ساتھ ہنرمند بننے پر بھی توجہ دیں

   

خانگی میں دستیاب مواقع سے استفادہ کا مشورہ ۔ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کا تربیتی پروگرام ‘ اے کے خان کا خطاب

حیدرآباد29 جنوری(سیاست نیوز) نوجوان اپنی تعلیمی قابلیت کے ساتھ ہنر مند بننے پر توجہ مرکوز کریںاور بے روزگار رہنے سے بہتر ہے کہ وہ تجربہ کیلئے کوئی ملازمت اختیار کریں۔ سرکاری ملازمتوں کے انتظار کی بجائے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو خانگی شعبہ میں دستیاب مواقع سے استفادہ کی ضرورت ہے تاکہ ان کا اپنا وقت ضائع نہ ہو۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں اور مشیر ریاستی حکومت جناب عبدالقیوم خان ریٹائرڈ آئی پی ایس نے آج حج ہاؤز میں منعقدہ تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے منعقدہ اس تربیتی پروگرام میں 350 نوجوانوں نے شرکت کی جن میں بیشتر نوجوان ہندستانی افواج اور دفاعی شعبوں میں خدمات کی انجام دہی کے خواہشمند تھے۔ پروگرام میں جناب الحاج محمد سلیم صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ ‘ جناب شاہنواز قاسم آئی پی ایس ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود ‘ جناب محمد عبدالوحید منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے علاوہ تربیت فراہم کرنے والی ایجنسی کائیروس کے ذمہ دار موجود تھے ۔ جناب محمد عبدالوحید نے بتایا کہ اس اقامتی تربیتی پروگرام کے دوران دفاعی شعبوں میں فراہم کی جانے والی تربیت کے حصول کے خواہشمند نوجوانوں کو ان کے قد اور سینہ کی پیمائش کیلئے یکم فروری کو میڑچل میں واقع تربیتی مرکز کو طلب کیا گیا ہے جہاں تربیت فراہم کرنے والے ادارہ کے علاوہ تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کا نمائندہ موجود ہوگا اور جو نوجوان تربیت کے لئے اہل قرار دیئے جائیں گے ان نوجوانوں کو داخلہ فراہم کیا جائے گا اور 45یوم کی اس تربیت میں انہیں فزیکل اور تھیوری کی تربیت فراہم کی جائے گی اس دوران انہیں مفت قیام اور طعام کی سہولت حاصل رہے گی ۔انہو ںنے بتایا کہ یکم فروری کو کائیروس کے تربیتی مرکز پر ہونے والے ٹسٹ کے لئے 315 نوجوانوں نے اپنا رجسٹریشن کروایا ہے جہاں ان کے قد و دیگر جانچ کے بعد ان کے داخلہ کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔حج ہاؤز میں منعقد ہونے والے اس منفرد پروگرام کے دوران نوجوانوں سے خطاب کے دوران جناب اے کے خان نے کہا کہ نوجوان اپنے مستقبل کو تابناک بنانے پر توجہ دیں اور ملازمت کے حصول کیلئے خود کو مسابقتی میدان میں آگے لائیں اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب نوجوانوں کو بہتر تربیت حاصل ہو۔جناب شاہنواز قاسم نے کہا کہ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں پر انحصار کرنے کے بجائے ترقی پذیر دور میں خانگی شعبو ںمیں موجود مسابقت کا بھی سامنا کرنا چاہئے ۔انہو ں نے کہا کہ نوجوانو ںکو تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ ہنر مند بھی ہونا چاہئے ۔جناب محمد عبدالوحید منیجنگ ڈائریکٹر تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے علاوہ کائروس کے عہدیدار مسٹر سی وی راؤ ریٹائرڈ آئی پی ایس‘ مسٹر ہریش کمار اور مسٹر کرشنا مورتی نے بھی ملازمتوں کے حصول کے لئے تربیت کی فراہمی کے سلسلہ میں منعقدہ اس پروگرام میں شریک نوجوانوں سے خطاب کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ تربیت کے حصول کے ذریعہ اپنے مستقبل کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں۔