بُری عادتوں کے غلام نہ بنیں، منشیات پر شعور بیداری پروگرام
کورٹلہ۔ 21؍جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جگتیال جناب اشوک کمار نے ہفتہ کو مٹ پلی ٹاؤن کے نریندر ڈگری کالج میں ضلعی سطحی منشیات کے استعمال سے ہونے والے اثرات پر جانکاری مشن پروگرام منعقد کیا۔ انھوں نے اس پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ انھوں نے منشیات کے استعمال سے ہونے والے نقصانات سے نوجوانوں، طلباء کو واقف کروایا۔ سماج کے نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اچھائی سیکھیں، بُری عادتوں کے غلام ہوکر اپنی زندگی برباد نہ کریں اور تعلیم پر توجہ دیتے ہوئے اعلیٰ مقاصد کو حاصل کریں۔ انھوں نے کہا کہ نشہ آور اشیاء سے ذہنی طور پر غلام ہونے سے غیر اِرادی طور پر جرائم میں ملوث ہونے کے امکانات پائے جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر غیر اِرادی طور پر کوئی جرم ہوگیا ہو تو کوئی ملازمت ملنے کا امکان نہیں رہے گا۔ قوانین سخت ہیں۔ بعد میں پچھتاوے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ڈرگس سپلائی، استعمال کو آسان طریقہ سے روک تھام کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دئے جانے کے ساتھ سماچار کے محکمہ کو مستحکم کیا جارہا ہے۔ ڈرگس، نشہ آور اشیاء، گانجہ کے تعلق سے اطلاع ملنے پر مقامی پولیس کو یا پھر 100 کو فون کرکے اطلاع دینے کو کہا۔ خصوصی طور پر طلباء سے نشہ آور اشیاء کے قریب نہ جانے کو کہا۔ انھوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اینٹی ڈرگس کمیٹیوں کے ذریعہ جانکاری پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ دیہاتوں میں ریالیاں و جلسے منعقد کرتے ہوئے ڈرگس اور منشیات کے تعلق سے عوام کو واقف کروانے کے ساتھ سرحد میں سخت بندوبست کریں۔ گہری نظر رکھتے ہوئے روک تھام کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر نشہ آور اشیاء کے استعمال سے ہونے والے نقصانات سے طلباء کو ویڈیو کے ذریعہ جانکاری فراہم کی گئی۔ ڈرگس کی روک تھام میں نوجوانوں کے رول پر ایس پی کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کا جواب دینے والے طلباء و طالبات کو ایس پی نے انعامات سے نوازا۔ اس پروگرام میں ڈی ایس پی اوما مہیشور راؤ، سرکل انسپکٹر آف پولیس نرنجن ریڈی، سب انسپکٹر آف پولیس کرن کمار، نوین، شیام راج، پرنسپل جونیئر کالج، لکچررس، طلباء و طالبات نے شرکت کی۔