نوجوانوں کو قرآن و سنت سے جوڑنا وقت کی اہم ترین ضرورت

   


کل ہند تنظیم اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات کے کیلنڈر کی اجرائی ، جناب عامر علی خاں کا اظہار خیال
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : اصلاح معاشرہ کی آج سخت ضرورت ہے ۔ ہمارے نوجوانوں کو قرآن و سنت سے جوڑنا سیرت نبی ﷺ سے واقف کروانا ، ان کی زندگیوں میں ڈسپلن پیدا کرنا ، ان کے معاملات کو بہتر سے بہتر بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ اگر ہم خود نبی کریم ﷺ کے دین کے سچے ماننے والے اس پر عمل کرنے والے بن جائیں ۔ باالفاظ دیگر حقیقت میں مسلمان بن جائیں تو پھر کسی بھی ہماری مخالفت کرنے کی ہمت نہیں ہوگی ۔ کوئی خبیث اسلام ، پیغمبر اسلام ﷺ کی توہین اور مسلمانوں کے خلاف بکواس کرنے کی جرات نہیں کرپائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے کل ہند تنظیم اصلاح معاشرہ ازالہ منکرات کے تیار کردہ کیلنڈر کی رسم اجرائی انجام دینے کے بعد کیا ۔ جناب عامر علی خاں نے مزید کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات سے واقف کروانا اس لیے ضروری ہے کہ ان میں سے اکثریت آداب زندگی سے واقف نہیں ہے ۔ یہی نہیں بلکہ وضو غسل کے فرائض کے بارے میں بھی نہیں جانتے ۔ نماز جنازہ بھی ادا کرنے سے بھی قاصر رہتے ہیں ۔ اگر ہم دین اسلام کی بنیادی تعلیمات سیکھ لیں تو زندگیوں میں صحت مند انقلاب برپا ہوسکتا ہے ۔ طہارت پاکیزگی صاف صفائی سے متعلق پیارے نبی ﷺ کے ارشادات پاک پر عمل کریں تو ایک صحت مند خوشحال زندگی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ دیگر ابنائے وطن بھی ہمارے اخلاق و کردار سے متاثر ہوں گے ۔ مثال کے طور پر اگر ہم ٹریفک ڈسپلن کا مظاہرہ ہی کرلیں اور بتائیں کہ اسلام میں راہ پر پڑے کانٹے کو ہٹانے پر بھی ثواب ہے ۔ تب ایک اچھا پیغام جائے گا ۔ کیلنڈر کی اجرائی کے موقع پر کل ہند تنظیم اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات کے خادم محمد نعیم الدین ، زاہد فاروقی آپریشنل ہیڈ سیاست ٹی وی ، جناب میر شجاعت علی جنرل منیجر سیاست اور نامہ نگار سیاست مرزا شاہنواز بیگ و دیگر موجود تھے ۔ واضح رہے کہ گولکنڈہ میں اس تنظیم کا مرکز ہے اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ ایک ہمہ مسلکی تنظیم ہے جو اردو ، انگریزی ، تلگو اور ہندی چار زبانوں میں اصلاح معاشرہ سے متعلق لٹریچر شائع کیا جاتا ہے ۔ جن میں کتابیں ، چارٹس ، کیلنڈرس ، بروچرس وغیرہ شامل ہیں ۔ یہ تمام ہمہ رنگی اور جاذب نظر ہوتے ہیں ۔ محمد نعیم الدین کے مطابق یہ لٹریچر زائد از 82 کتابوں سے حاصل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اصلاح معاشرہ کے اس لٹریچر کو شائع کرواتے ہوئے لوگ اپنے والدین کے ایصال ثواب کے لیے بھی تقسیم کرسکتے ہیں ۔ محمد نعیم الدین سے فون نمبر 9396420658 پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔۔