نومنتخب کارپوریٹرس کیلئے ٹی آر ایس کا تربیتی پروگرام

   


بہتر خدمات پر ماہرین کے لکچرس، آئندہ ماہ کے ٹی آر کی نگرانی میں انعقاد

حیدرآباد: تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے نو منتخب کارپوریٹرس کو بلدی قوانین اور عوامی مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں شعور بیداری کے لئے اورینٹیشن پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 150 نو منتخبہ کارپوریٹرس نے 79 پہلی مرتبہ کارپوریشن کیلئے منتخب ہوئے ہیں جبکہ بی جے پی کے پاس سب سے زیادہ 44 نئے کارپوریٹرس ہیں جو پہلی مرتبہ منتخب ہوئے۔ موجودہ کارپوریشن کی تحلیل سے قبل نئے ارکان کے لئے اورینٹیشن پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ تین روزہ اورینٹیشن پروگرام کی نگرانی کریں گے جس میں بلدی مسائل اور دیگر امور پر ماہرین کے لکچرس ہوں گے ۔ ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج آف انڈیا کے پروفیسرس تربیتی پروگرام میں لکچر دیں گے۔ جنوری میں کسی ہوٹل یا ریسارٹ میں تین روزہ پروگرام منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھی اس پروگرام میں شرکت کرسکتے ہیں۔ بی جے پی نے نو منتخب ارکان کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ٹریننگ پروگرام کا فیصلہ کیا ہے ۔ بی جے پی اور آر ایس ایس سے تعلق رکھنے والے سینئر قائدین کے ذریعہ کارپوریٹرس کی ٹریننگ ہوگی ۔ بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ ملک کی دیگر کارپوریشن کی کارکردگی کی بنیاد پر قومی قائدین کی ایک ٹیم حیدرآباد کا دورہ کریں گی اور نو منتخب کارپوریٹرس کو ٹریننگ دی جائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ آر ایس ایس کیمپ میں علحدہ پروگرام منعقد کیا جائے گا ۔ انتخابات کے بعد ٹی آر ایس اور بی جے پی قیادت نے اپنے اپنے کارپوریٹرس کو ابھی سے متحرک ہونے کی ہدایت دی ہے تاکہ ابھی سے اپنے اپنے بلدی حلقہ جات میں عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرسکیں۔