نونیت رانا کے عوامی جلسہ میں بھیڑ ہوئی مشتعل، نعرے بازی

   

امراوتی :مہاراشٹر کے امراوتی میں بی جے پی کی سابق رکن پارلیمنٹ نونیت رانا کے جلسہ میں زبردست ہنگامہ کی اطلاع ہے۔ یہ معاملہ کل ہے جب امراوتی دریا پور میں جلسہ میں ہنگامہ ہو گیا۔ مشتعل عوام ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکتے اور نعرے بازی کرتے نظر آئے۔ کچھ کرسیاں نونیت رانا کی طرف بھی پھینکی گئیں جو باڈی گارڈ کو لگی۔ ہنگامہ کے درمیان سیکوریٹی اہلکاروں نے نونیت رانا کو جلسہ گاہ سے بحفاظت باہر نکالا۔ نونیت رانا کی میٹنگ میں کسی بات پر بحث چھڑ گئی، جس نے ہنگامہ کی شکل اختیار کرلی۔ کارکنوں نے ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکنی شروع کردیں۔ اس کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔اس معاملے میں نونیت رانا نے پولیس میں شکایت درج کرا ئی ۔ سابق رکن پارلیمنٹ حامیوں کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچیں، جہااں ان کی شکایت پر معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔وائرل ویڈیو کی بنیاد پر ملزمین کی شناخت کی جا رہی ہے۔ نونیت رانا امراوتی سے آزاد ایم پی رہ چکی ہیں۔ ان کے شوہر روی رانا موجودہ ایم ایل اے ہیں۔