سپریم کورٹ میں وینکٹ ویریا و ریونت ریڈی کی درخواستوں کی کل سماعت
حیدرآباد 23 اگسٹ (سیاست نیوز) سپریم کورٹ میں نوٹ برائے ووٹ معاملہ کے سلسلہ میں دائر کردہ درخواست کی سماعت کو ملتوی کردیا گیا۔ سپریم کورٹ نے کہاکہ اِس درخواست کی سماعت چہارشنبہ کو کی جائے گی۔ ستوپلی اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی ایس وینکٹ ویریا اور صدر پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے خصوصی عدالت میں جاری سماعت پر سوال اُٹھائے۔ جسٹس ونیت شرن اور جسٹس دنیش مہیشوری پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے واضح کردیا کہ فوری طور پر اِس معاملے کی سماعت نہیں کی جاسکتی۔ رکن اسمبلی ایس وینکٹ ویریا نے اپنی درخواست میں اِس کیس سے اُن کا نام حذف کرنے کی اپیل کی ہے۔ ہائیکورٹ نے 8 ڈسمبر کو ایس وینکٹ ویریا کی اِسی اپیل کو خارج کردیا تھا جسے اُنھوں نے چیالنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے اپنی درخواست میں کہاکہ نوٹ برائے ووٹ کیس کی تحقیقات اینٹی کرپشن ایکٹ کے مغائر ہیں۔ یہ معاملہ اے سی بی ایکٹ کے تحت نہیں آتا۔ سپریم کورٹ نے دونوں درخواستوں کی سماعت چہارشنبہ تک ملتوی کردی ہے۔ واضح رہے کہ نوٹ برائے ووٹ مقدمہ میں ریونت ریڈی اہم ملزم ہیں جنھوں نے 2015 ء میں تلگودیشم کے ایم ایل سی امیدوار رویندر کمار کو ووٹ دینے نامزد رکن اسمبلی اسٹیفنسن کو 50 لاکھ روپئے کی پیشکش کی تھی اور رقم حوالے کرتے وقت پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا تھا۔ R