حیدرآباد: کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے نوٹ برائے ووٹ کیس میں برات کے لئے اے سی بی کی خصوصی عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو جو نوٹ برائے ووٹ معاملہ کی تحقیقات کر رہا ہے ، اس نے ریونت ریڈی کی درخواست کی مخالفت کی ۔ 2015 ء کے ایم ایل سی انتخابات میں آزاد رکن اسمبلی کو تلگو دیشم امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کیلئے بھاری رقم کا لالچ دیا گیا تھا ۔ اے سی بی کی جانب سے خصوصی عدالت میں کہا گیا ہے کہ ریونت ریڈی مقدمہ کو طوالت دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اے سی بی کے وکیل وی سریندر راؤ نے عدالت میں جوابی حلفنامہ داخل کیا ۔ ریونت ریڈی نے اپنی درخواست میں عدالت سے اپیل کی کہ انہیں مقدمہ سے نجات دلائی جائے۔ اس معاملہ میں وہ اہم ملزم ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو نے انہیں رقم کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ یہ معاملہ انتخابی بے قاعدگیوں کے تحت آتا ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے آئی پی سی اور عوامی نمائندگان قانون میں کافی گنجائش موجود ہے۔ اے سی بی نے انسداد کرپشن قانون کے تحت یہ مقدمہ دائر کیا ہے لہذا اسے ختم کیا جائے۔ اینٹی کرپشن بیورو نے جوابی حلفنامہ داخل کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی عدالت نے اسی مقدمہ میں تین دیگر ملزمین کی درخواستوں کو پہلے ہی مسترد کردیا ہے ۔ اینٹی کرپشن بیورو نے کہا کہ عدالت موجودہ صورتحال میں ریونت ریڈی کی درخواست پر غور نہیں کرسکتی۔