حیدرآباد ۔20۔ جولائی (سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے نوٹ برائے ووٹ مقدمہ میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور رکن اسمبلی ایس وینکٹ ویریا کی جانب سے داخل کردہ درخواستوں پر سماعت اگست تک ملتوی کردی ہے۔ ریونت ریڈی کے وکلاء کی جانب سے سپریم کورٹ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ناگزیر وجوہات کے سبب سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی۔ تلنگانہ حکومت کے وکلاء نے اس پر اعتراض کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سماعت کے التواء کی درخواست کے بارے میں انہیں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ سرکاری وکلاء نے اس معاملہ کی فوری سماعت کی اپیل کی۔ جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس بالا ایم تریویدی پر مشتمل بنچ نے مقدمہ کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے ریونت ریڈی کی درخواست کو قبول کرلیا اور آئندہ سماعت 28 اگست کو مقرر کی ہے۔ عدالت نے ریونت ریڈی کے وکلاء کو ہدایت دی کہ آئندہ مقدمہ کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست نہ کریں۔ر