حیدرآباد/20 اگسٹ ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے آئی اے ایس عہدیدار نوین متل کے خلاف 2017 کے احکام کے تحت محکمہ جاتی تادیبی کارروائی پر حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس ٹی ونود کمار پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد کو ہدایت دی کہ 31 اگسٹ تک رپورٹ پیش کرکے حکومت کے موقف کی وضاحت کریں۔ نوین متل پرنسپل سکریٹری ریوینیو کے علاوہ چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن کی اضافی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں۔ ہائیکورٹ نے 2017 میں نانل نگر گڈی ملکا پور میں حیدرآباد کلکٹر کی حیثیت سے اراضی کے این او سی اجرائی میں کارروائی کی ہدایت دی تھی ۔ جسٹس ایم ایس رامچندر راؤ کی زیر قیادت بنچ نے نوین متل کے علاوہ سابق تحصیلدار وینکٹ ریڈی اور دو دیگر کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی تھی۔ چیف جسٹس نے احکامات پر عدم عمل آوری سے متعلق درخواست کی سماعت کی جس میں کہا گیا کہ نوین متل اہم عہدوں پر ہیں اور حکومت نے تاحال عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا۔
