بھونیشور: بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے سربراہ اور اڈیشہ کے سابق وزیر اعلی نوین پٹنائک نے جمعہ کو بھرت پور پولیس اسٹیشن میں فوج کے میجر اورخاتون پر حملے کی عدالتی اور خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) سے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ پٹنائک نے کہا کہ بھرت پور پولیس اسٹیشن میں آرمی میجر اور خاتون کے ساتھ جس طرح کا سلوک کیا گیا وہ حیران کن اور سمجھ سے بالاتر ہے ۔ پولیس نے مبینہ طور پر ان کے ساتھ جس طرح کا سلوک کیا اس نے پورے ملک کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے ۔ یہ اوڈیشہ میں تعینات ایک فوجی افسر اور ایک خاتون کے ساتھ پیش آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اس گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ ریاستی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت اس میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔