نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو بی سی سی آئی نے دورہ آسٹریلیا کے موقع پر پہلے ٹسٹ کے بعد وطن واپسی کی اجازت دی ہے اور وہ ایڈیلیڈ میں 17 ڈسمبر کو شروع ہونے والے ٹسٹ کے بعد سیریز کے دوران واپسی کریں گے۔ آئی پی ایل میںسن رائزس حیدرآباد کی شاندار نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر ٹی نٹراجن کو زخمی ورون چکرورتی کے مقام پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے حالانکہ چکرورتی کو پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح پر ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملا تھا لیکن وہ کاندھے کے زخم کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوچکے ہیں حالانکہ انہیں آسٹریلیا میں ٹوئنٹی 20 سیریز کے دوران ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کا موقع دستیاب ہورہا تھا۔ اب اس زخمی بولر کے مقام پر ٹی نٹراجن کو آسٹریلیا کے دورہ کا موقع ملے گا۔ دورہ آسٹریلیا کیلئے ہندوستانی ٹیم میں ہونے والی ایک اور بڑی تبدیلی روہت شرما کی شمولیت ہے جیسا کہ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس کی قیادت کرنے والے روہت شرما دورہ آسٹریلیا کیلئے ابتداء میں اعلان ٹیم میں شامل نہیں تھے لیکن اب انہیں سفید گیند کی کرکٹ کیلئے ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔ کوہلی کی دورہ آسٹریلیا کے دوران وطن واپسی اس لئے ہیکہ وہ اور ان کی بالی ووڈ اداکارہ بیوی انوشکا شرما آئندہ برس اپنی پہلی اولاد کی امید کررہے ہیں۔ ہندوستانی دورہ آسٹریلیا کا آغاز 27 نومبر کو ہوگا اور وہ 19 جنوری 2021ء تک میزبان ٹیم کے خلاف ونڈے ٹوئنٹی 20 اور چار ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں شرکت کرے گی۔ پہلے ٹسٹ کا آغاز 17 ڈسمبر کو ہوگا جوکہ 21 ڈسمبر کو ختم ہوگا۔ دورہ آسٹریلیا کے موقع پر ہندوستانی ٹیم اپنا پہلاڈے نائیٹ ٹسٹ بھی بیرونی سرزمین پر کھیلے گی ۔ ٹسٹ ٹیم میں اجنکیا راہنے کو کوہلی کا نائب مقرر کیا گیا ہے اور امید ہیکہ وہ کوہلی کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔