نکلس روڈ نرسمہا راؤ سے موسوم ، مجسمہ کی نقاب کشائی

   

گورنر اور چیف منسٹر کی شرکت ، خدمات کو خراج عقیدت
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کی صدی تقاریب کا آج اختتام عمل میں آیا۔ گورنر ٹی سوندرا راجن اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے نیکلس روڈ پر 26 فیٹ طویل نرسمہا راؤ کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی ۔ گورنر نے نرسمہا راؤ کے نام سے موسوم سڑک پی وی مارگ کو عوام کیلئے کھول دیا۔ انہوں نے نرسمہا راؤ پر لکھی 8 تصانیف کی رسم اجراء انجام دی۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے کہا کہ نرسمہا راؤ نے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے کاکتیہ یونیورسٹی میں ودیا پیٹھم کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے صدی تقاریب کمیٹی کی ستائش کی ۔ گورنر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ آندھراپردیش نے اپنے سپوت کو خراج پیش کیا ہے۔ کمیٹی کے صدرنشین کیشو راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت سے اپیل کی گئی ہے کہ سنٹرل یونیورسٹی حیدرآباد کا نام نرسمہا راو سے موسوم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب نرسمہا راؤ کے مزید 6 مجسمے نصب کئے جائیں گے ۔ آندھراپردیش حکومت نے وشاکھاپٹنم میں مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کیشو راؤ کے مطابق نکلس روڈ پر پی وی گھاٹ کے قریب میوزیم کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔