نہرو زوالوجیکل پارک دو دن کے لیے بند

   

حیدرآباد۔ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے سبب عوام کیلئے بند نہرو زوالوجیکل پارک کی چند یوم قبل ہی کشادگی عمل میں لائی گئی تھی لیکن پارک کو آج بارش کا پانی داخل ہوجانے کے سبب دوبارہ بند کردیا گیا۔ شہر حیدرآباد میں ہوئی مسلسل بارش کے سبب میر عالم تالاب سے خارج ہونے والے پانی کے پارک میں داخل ہوجانے کے سبب 14اور 15اکٹوبرکو زو پارک عوام کے لئے بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ زو حکام نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں ہونے والی بارش کے سبب ہاتھی کے علاقہ کے علاوہ ٹائیگر سفاری پارک میں پانی داخل ہوگیا ہے اور اس پانی کے اخراج کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کے بعد ہی زو میں تفریحی سرگرمیوں کو بحال کیا جائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ محکمہ جنگلات کے عہدیدارو ںنے زو میں پانی داخل ہونے کی اطلاع کے ساتھ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو مطلع کرتے ہوئے جانوروں کے تحفظ کیلئے پانی کے اخراج کو یقینی بنانے کی خواہش کی جس پر جی ایچ ایم سی کی ایک ٹیم نے زو پارک پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے پانی کے اخراج کا فیصلہ کیا ۔ سابق میں بھی زو پارک میں میر عالم تالاب کا پانی داخل ہونے کی شکایات موصول ہوچکی تھی اور پانی کے اخراج تک زو پارک کو عوام کیلئے بند رکھا گیا تھا۔ محکمہ جنگلات کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ میر عالم تالاب کا پانی زو پارک میں داخل ہونے سے کسی بھی جانور کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔