تھائی لینڈ کے زو میں شیروں کی ہلاکت کے بعد حکام کی توجہ مبذول
حیدرآباد۔24فروری(سیاست نیوز) تھائی لینڈ کے زو پارک میں شیروں کی ہلاکت کے بعد حیدرآباد میں نہرو زوالوجیکل پارک میں احتیاطی اقدامات کا آغاز کردیاگیا اور زو میں تمام شیروں کے انکلوژر کی صفائی اور ریت کی تبدیلی کی جا رہی ہے ۔ تھائی لینڈ زو میں 72 شیروں کی موت نے محکمہ جنگلات اور افزائش مویشیاں کے عہدیداروں میں تشویش پیدا کردی ہے اور محکمہ جنگلات نے فوری شیروں میں کسی وائرس کی جانچ اور انہیں کسی امکانی وائرس سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے تاکہ نہرو زوالوجیکل پارک میں شیروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ بتایاجاتا ہے کہ تھائی لینڈ زومیں 72 شیروں کی ہلاکت کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مہلوک شیروں میں بیماری یکساں نوعیت کی تھی اور جس وائرس کا وہ شکار تھے ان کے پھیپڑے متاثر ہوئے ہیں ۔ نہرو زوالوجیکل پارک حکام نے بتایا کہ تھائی لینڈ واقعہ کے ساتھ ہی محکمہ جنگلات تلنگانہ نے فوری نہرو زوالوجیکل پارک میں موجود شیروں کی حفاظت کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے تاکہ کسی وائرس سے ان شیروں کو محفوظ رکھا جاسکے۔ زو پارک میں شیروں کے انکلوژر میں ریت کی تبدیلی و دیواروں کے رنگ و روغن کی تبدیلی کے ساتھ وائرس پر قابو پانے ادویات کے چھڑکاؤ کے اقدامات کئے گئے ۔کیوریٹر نہرو زو پارک نے بتایا کہ شیروںکے تحفظ کیلئے ان کی صحت کی جانچ کو یقینی بنانے کے علاوہ انہیں معیاری غذاء کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جانے لگا ہے۔ تھائی لینڈ میں شیروں کی ہلاکت نے دنیا بھر کے زو پارکس میں شیروں کی نگہداشت کو بہتر بنانے کی سمت حکام کو مائل کردیا ہے کیونکہ بڑی تعداد میں شیروں کی صحت بگڑنے کے بعد اموات نے ماہرین امراض مویشیاں میں جو خدشات پیدا کئے ہیں ان میں کسی طرح کے مہلک وائرس کے پھیلنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے جو انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اسی لئے یہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔3