نہرو زوالوجیکل پارک کی انٹری فیس میں اضافہ کا امکان

   

Ferty9 Clinic

وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی کا جائزہ اجلاس، نقصانات پر قابو پانے مختلف تجاویز
حیدرآباد: محکمہ جنگلات کی جانب سے نہرو زوالوجیکل پارک اور ریاست کے دیگر زوالوجیکل پارکس میں داخلہ فیس میں اضافہ کی تیاری کرلی گئی ہے۔ وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی نے ریاست میں مختلف زو اور پارکس کی کارکردگی کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حیدرآباد کے نہرو زوالوجیکل پارک اور ریاست کے دیگر 8 زو پارکس میں وزیٹرس کے لئے بہتر سہولتیں فراہم کی جائے۔ تلنگانہ زو اینڈ پارکس اتھاریٹی کے اجلاس میں وزیر نے آمدنی میں اضافہ کیلئے مختلف وسائل اختیار کرنے کی تجویز پیش کی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کووڈ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں وزیٹرس کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے جس کے سبب آمدنی متاثر ہوئی۔ اجلاس میں وزیٹرس کیلئے بہتر سہولتوں کے علاوہ زو پارکس میں انٹری فیس میں اضافہ کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ انٹری فیس میں اضافہ کس قدر ہوگا ، اس بارے میں فیصلہ کرنا ابھی باقی ہے۔ عہدیداروں نے تجویز پیش کی کہ خسارہ میں چلنے والے زو پارکس کو دیگر پارکس کی جانب سے فنڈس منتقل کئے جائیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ جانوروں کی نگہداشت اور انہیں غذا کی فراہمی کے سلسلہ میں فنڈس کی کمی کا سامنا ہے ۔ حال ہی میں انٹری فیس میں 10 فیصد کا اضافہ کیا گیا لیکن اس سے آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا جس کے باعث عہدیدار دوبارہ انٹری فیس میں اضافہ کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ چینائی اور دیگر شہروں میں موجود پارکس کی فیس کا جائزہ لینے کے بعد تلنگانہ میں زو پارکس کی انٹری فیس طئے کی جائے گی۔