تل ابیب، 21 اکتوبر (یواین آئی) اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے مصری انٹیلی جنس چیف لیفٹیننٹ جنرل حسن رشاد سے ملاقات کی تاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ منصوبے پر پیش رفت کی جا سکے ، اس دوران دونوں ممالک کے تعلقات اور امن کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔نیتن یاہو کے دفتر کے مطابق، اس ملاقات میں ٹرمپ کے منصوبے پر پیش رفت، اسرائیل و مصر کے تعلقات اور دونوں ملکوں کے درمیان امن کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔ مصری انٹیلی جنس چیف حسن رشاد نے اسرائیلی حکام سے مزید ملاقاتیں بھی کیں تاکہ غزہ میں انسانی امداد کے داخلے اور ٹرمپ کے مجوزہ منصوبے پر عمل درآمد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر گفتگو کی جا سکے ۔ وہ امریکی مشرقِ وسطیٰ کے ایلچی اسٹیو ویٹکوف سے بھی ملاقات کریں گے ، جو ان دنوں اسرائیل کے دورے پر ہیں۔ یہ سرگرمیاں ایسے وقت ہو رہی ہیں جب اسرائیلی فوج نے پیر کی صبح غزہ شہر میں الشجاعیہ محلے کے مشرقی حصے پر بمباری کی، حالانکہ جنگ بندی اور فائر بندی کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے ۔
