نیتن یاہو کی غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت پر رضامندی

   

تل ابیب، 21 جنوری (یو این آئی) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت پر رضامندی ظاہر کردی ہے ۔ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت قبول کرلی ہے ۔ امن کونسل مختلف ممالک کے سربراہوں پر مشتمل ہوگی۔ اس سے پہلے امریکہ نے غزہ امن بورڈ میں شمولیت کے لیے بحرین اور متحدہ عرب امارات کو بھی دعوت دی تھی۔ دونوں ملکوں نے غزہ امن بورڈ میں شمولیت کی امریکی دعوت قبول کر لی ہے ۔ دوسری جانب آذربائیجان نے بھی ٹرمپ کے غزہ بورڈ آف پیس میں شرکت کے لیے رضا مندی ظاہر کردی ہے ۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کے لیے بورڈ آف پیس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو بھی شمولیت کی دعوت دی ہے ۔ اس بورڈ کا مقصد غزہ کی بحالی کے امور کی نگرانی بتایا گیا تھا تاہم اس کے چارٹر میں اس کے دائرہ کار کو صرف غزہ تک محدود نہیں کیا گیا۔

ایران کیخلاف کسی بھی حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا اور یہ کوئی دھمکی نہیں: ایرانی وزیرخارجہ
تہران: 21 جنوری ( ایجنسیز ) ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا ہیکہ ایران کے خلاف کسی بھی نئے حملے کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔امریکی اخبار کے مضمون میں عباس عراقچی نے لکھا کہ ایران کے خلاف امریکہ کے جارحانہ اقدامات ناکام ہوچکے ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئے حملے کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جون 2025 میں ایران نے ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کیا تھا، دوبارہ حملہ ہوا تو پوری طاقت کے ساتھ جوابی کارروائی کریں گے۔عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ یہ کوئی دھمکی نہیں، حقیقت ہے جسے بطور سفارت کار بیان کرنا ضروری سمجھتا ہوں، یہ جنگ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیگی۔