نئی دہلی : نیرج چوپڑا نے ایک بار پھر پٹھوں کے تناؤ سے صحت یاب ہونے کے بعد ہاتھ میں برچھی اٹھا کر ریکارڈ بنایا ہے۔ انہوں نے باوقار ڈائمنڈ لیگ سیریز کے لوزان مرحلے میں مردوں کا جیولن تھرو ایونٹ جیتا ہے۔ نیرج 87.66 میٹر کی تھرو کے ساتھ ایونٹ میں سرفہرست رہے۔ وہیں، جرمنی کے جولین ویبر 87.03 میٹر کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔ تیسرے مقام پر 86.13 میٹر تھرو کے ساتھ چیک جمہوریہ کے یعقوب رہے۔ ہندوستانی جیولن اسٹار نیرج چوپڑا کا اس سال میں یہ دوسرا گولڈ ہے۔ وہ دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں بھی گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔ نیرج نے پہلے راؤنڈ میں فاؤل سے شروعات کی جبکہ جرمنی کے جولین ویبر نے 86.20 میٹر کی تھرو کے ساتھ برتری حاصل کی۔ پہلے راؤنڈ کے اختتام پر نیرج ٹاپ تھری اتھلیٹس میں بھی نہیں تھے۔ اس کے بعد دوسری کوشش میں نیرج نے 83.52 میٹر کا تھرو لگایا۔ تاہم، دوسرے راؤنڈ کے اختتام پر جولین اب بھی برتری پر تھے۔ اس کے باوجود نیرج کی رینکنگ میں بہتری آئی اور وہ تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ تیسری کوشش میں نیرج نے 85.02 میٹر کا اسکور کیا۔ اس تھرو کے ساتھ وہ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ حالانکہ جولین نے تب بھی 86.20 میٹر تھرو کے ساتھ سبقت برقرار رکھی تھی۔ چوتھی کوشش میں نیرج فاؤل کربیٹھے۔ پانچویں کوشش میں نیرج کی ’گولڈن آرم‘ نے اپنا جادو دکھایا اور 87.66 میٹر کا تھرو حاصل کیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ پہلے مقام پر پہنچ گئے۔ چھٹی اور آخری کوشش میں نیرج نے 84.15 میٹر کا تھرو کیا۔