نیرو مودی کو بھارت لانے کا راستہ صاف، برطانوی سپریم کورٹ میں حوالگی کے خلاف اپیل مسترد

   

پنجاب نیشنل بینک سے کروڑوں کے فراڈ کے بعد ہندوستان سے فرار ہونے والے ہیروں کے تاجر نیرو مودی کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ اب وہ اپنی ہندوستان حوالگی کے خلاف برطانیہ کی سپریم کورٹ سے رجوع نہیں کر سکے گا۔ جمعرات کو لندن ہائی کورٹ نے نیرو مودی کو سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کے لیے راحت دینے سے انکار کر دیا۔ ان کی حوالگی کا حکم بھی لندن ہائی کورٹ نے دیا تھا۔ جس کے بعد اس نے سپریم کورٹ جانے کے لیے درخواست دی تھی جسے مسترد کر دیا گیا ہے۔اس سے پہلے ہائی کورٹ کی دو ججوں کی بنچ نے نیرو مودی کی اس اپیل کو مسترد کر دیا تھا۔ نیرو مودی نے بھارت کو حوالگی کے خلاف اپیل کی۔ اپنی خراب ذہنی حالت کا حوالہ دیتے ہوئے اس نے خود کو ہندوستان نہ بھیجنے کی درخواست کی تھی۔