نئی دہلی: نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) جمعہ کو وجود میں لایا گیا جو طبی تعلیم پر نظر رکھنے اور اسے باقاعدہ بنانے کیلئے ملک کے فاضل ادارہ کے طور پر کام کرے گا اور اس نے میڈیکل کونسل آف انڈیا (ایم سی آئی) کی جگہ لی ہے۔ اس کے ساتھ تقریباً 64 سالہ انڈین میڈیکل کونسل ایکٹ کی تنسیخ ہوگئی اور ایم سی آئی کے مقررہ بورڈ آف گورنر کی 25 ستمبر سے تحلیل ہوگئی۔ وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن کے شعبہ میں مرکزی حکومت نے نیشنل میڈیکل کمیشن کی تشکیل اور اس کے ساتھ چار خودمختار بورڈس بناتے ہوئے تاریخی اصلاح عمل میں لائی ہے۔ اب کئی دہے قدیم ادارہ میڈیکل کونسل آف انڈیا کا وجود نہیں رہا۔ آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میں پی این پی ڈپارٹمنٹ کے سابق سربراہ ڈاکٹر سریش چندر شرما کو جمعہ سے 3 سالہ مدت کیلئے چیرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ راکیش کمار واٹس کمیشن کے سکریٹری ہوں گے۔