نیشنل کانفرنس حقیقی عوامی پارٹی : عمر عبداللہ کا دعوی

   

سری نگر :چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے نیشنل کانفرنس کو مسلم سیاسی پارٹی ماننے سے انکار کیااور اپنی پارٹی کو حقیقی عوامی پارٹی قراردیا۔ انہوں نے تردید کہ این سی کشمیر کی پارٹی ہے اور صرف کشمیریوں کیلئے کام کرے گی۔جموں میں پارٹی کارکنوں سے خطاب میں عمر عبداللہ نے کہاکہ ہم نے ڈپٹی چیف منسٹر کو اسی پارٹی سے بنایا جس سے چیف منسٹر ہے۔پچھلے انتخابات میں سب نے کہا کہ نیشنل کانفرنس مسلمانوں کی پارٹی ہے، یہ کشمیریوں کی تنظیم ہے، اور جموں میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ لیکن ہم نے ایک ڈپٹی سی ایم بنایا جو جموں سے اور ہندو ہے۔ جیسے ہی نتائج آئے، کچھ افراد نے یہ افواہ پھیلانا شروع کر دی کہ جموں کو اب نظر انداز کر دیا جائے گا کیونکہ انہوں نے این سی یا کانگریس کے امیدواروں کو منتخب نہیں کیا۔ میں نے پہلے دن ہی کہا تھا کہ یہ حکومت سب کی ہوگی۔

تمام صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈس ملیں گے: عمر عبداللہ
جموں : جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے واضح کیا ہے کہ مرکزی زیر انتظام علاقے میں میڈیا کے لئے کوئی سخت پالیسی نہیں اپنائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کئی صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کے حصول میں رکاوٹیں ڈالی گئیں لیکن میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا ۔ ان باتوں کا اظہار وزیر اعلیٰ نے جموں میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہوگی اور جموں وکشمیر میں میڈیا کو مضبوط کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ ذرائع ابلاغ کو پیغام دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں میڈیا کے لئے کوئی سخت پالیسی نہیں اپنائیں گے ۔ میں آپ کو میرے خلاف لکھنے کی وجہ سے سزا نہیں دوں گا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ میں یہ یقینی بناوں گا کہ میڈیا آزاد رہے اور خوف سے بھرے ماحول میں کام نہ کرے ،مجھے علم ہے کہ بہت سے صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن اور پریس کارڈ نہیں ملے ۔ میں اس مسئلے کو آہستہ آہستہ حل کروں گا۔