تھرواننتاپورم : کیرالا ہائیکورٹ نے آج نیوز براڈ کاسٹرس اسوسی ایشن (این بی اے) کی تائید کرتے ہوئے حکم دیا کہ فی الحال نئے آئی ٹی قواعد کی تعمیل نہ کرنے پر کوئی سخت کارروائی نہیں کرنا چاہئے۔ این بی اے نے آئی ٹی قواعد کے جواز کو اس بنیاد پر چیلنج کیا ہیکہ ان سے سرکاری حکام کو غیرواجبی طور پر حد سے زیادہ اختیارات حاصل ہورہے ہیں جن سے میڈیا کی اظہارخیال کی آزادی خطرہ میں پڑنے کا اندیشہ ہے۔ ایک بیان میں این بی اے نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق قواعد 2021ء سے دستور کے آرٹیکل 14 (قانون کی نظر میںمساوات) کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ نیز کوئی بھی پیشہ، تجارت یا کاروبار کرنے یا کسی بھی پروفیشن کو اپنانے کی آزادی کا حق (آرٹیکل 19) بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ عرضی میں کہا گیاہیکہ نئے قواعد ایسا میکانزم پیش کرتے ہیں جوعاملہ کو غیرمعمولی اختیارات دیتا ہے کہ وہ ڈیجیٹل نیوز میڈیا کے مواد کی نگرانی کریں۔