نیوزی لینڈ 148 پر ڈھیر ، آسٹریلیا کو 456 رنز کی سبقت

   

ملبورن۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی فاسٹ بولروں کی خطرناک بولنگ کے آگے نیوزی لینڈ کی ٹیم باکسنگ ڈے ٹسٹ کے تیسرے دن پہلی اننگز میں 148 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس کے بعد آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے کے علاوہ دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان کے بعد 137 رنز اسکور کرلئے ہیں لیکن اسے مقابلے میں اب مجموعی طور پر 456 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔ دن کے اختتام پر میتھیو ویڈ (15) اور ٹم ہیڈ 12 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔ آؤٹ ہونے والے بیٹسمینوں میں ڈیوڈ وارنر (38)، جیو برنس (35) ، لبو شین (19) اور اسٹیو اسمتھ (7) شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کے لئے دوسری اننگز میں ویگنر نے 39 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ نے اپنی کل کی اننگز 44/2 سے اپنی اننگز کو آج آگے بڑھایا لیکن آسٹریلیائی فاسٹ بولر پیاٹ کمنس کی شاندار بولنگ کے علاوہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک اور پیٹن سن کے شاندار تعاون کے بعد مہمان ٹیم 148رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ کمنس نے 28 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پیٹنسن نے 34 رنز کے عوض 3 اور اسٹارک نے 30 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کے اوپنر لیتھم نے 144 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے ۔