نیوزی لینڈ حملہ ‘اسلام سے بڑھتی عداوت کا اظہار : اردغان

,

   

استنبول ۔ 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے جمعہ کو نیوزی لینڈ میں دو مساجد میں پیش آئے مہلک حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اسلام کے تئیں بڑھتی دشمنی کا اظہار ہوتا ہے جسے دنیا خاموشی سے دیکھ رہی ہے۔ کرائسٹ چرچ کی مساجد پر حملوں میں کم از کم 49 افراد شہید ہوئے ہیں جن میں بندوق بردار شامل ہے جس کی شناخت آسٹریلیائی انتہاء پسند کی حیثیت سے ہوئی۔ اردغان نے ایک سابق ترک وزیر کی تجہیز و تکفین کے موقع پر کہا کہ اس حملہ کے ساتھ اسلام کے تعلق سے عداوت ظاہر ہوگئی ہے جس کی دنیا کچھ عرصہ سے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے بلکہ اس کی حوصلہ افزائی بھی کررہی ہے۔ یہ عداوت اب انفرادی ہراسانی سے آگے بڑھ کر اجتماعی قتل کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔ ترک میڈیا نے بتایا کہ حملہ آور کے مقاصد سے صاف ظاہر ہوگیا ہیکہ ہمارا ملک بھی ٹارگٹس میں شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہمارے عوام اور خود مجھے بھی نشانہ بنانے کے منصوبے ہیں۔ ترک لیڈر نے جو اکثر اسلام سے خائف ہونے کے رجحانات پر تنقید کرتے ہیں، مغرب سے اپیل کی کہ اس طرح کے حملوں کو روکنے کے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ابھی درست اقدامات نہیں کئے گئے تو مزید تباہ کن واقعات کی خبر آتی رہے گی۔ میری دنیا بھر بالخصوص مغرب سے اپیل ہیکہ عاجلانہ اقدامات کئے جائیں۔ نماز جمعہ کے بعد درجنوں لوگ استنبول کی مسجد فتح کے باہر جمع ہوئے اور نیومی لینڈ میں پیش آئے حملوں کی مذمت میں نعرے لگائے۔ اردغان نے قبل ازیں ٹوئیٹر پر اس حملہ کی مذمت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہیدوں پر رحم کرے اور زخمیوں کو عاجلانہ صحت عطا کرے۔