نیوزی لینڈ میں فائرنگ ،دو پولیس افسران زخمی

   

آکلینڈ، 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے آکلینڈ میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں دو پولیس افسران سنگین طور پر زخمی ہوگئے ۔پولیس افسر نائلہ حسن نے جمعہ کو بتایا کہ نیوزی لینڈ کے مغربی آکلینڈ کے میسی میں گولی باری کا ایک سنگین واقعہ پیش آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم جب رینیلا ڈرائیو پر معمول کے گشت پر تھی تبھی پولیس افسران پر گولیاں چلائی گئیں۔ فائرنگ میں دو پولیس افسران سنگین طور پر زخمی ہوگئے ۔مقامی میڈیا سمیت کئی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ ایک پولیس افسر کی موت ہوگئی ہے لیکن نیوزی لینڈ پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے بعد مجرم گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوگئے۔ پولیس انہیں تلاش کررہی ہے ۔