نیوزی لینڈ میں کوروناوائرس کے 128 کیسز، سرحدیں بند

   

آکلینڈ ۔ 19 مارچ (سید مجیب) نیوزی لینڈ میں اب تک کوروناوائرس کے 128 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جس کی وجہ سے آج رات سے کوروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سرحدوں کو غیرملکوں کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسنڈا آرڈن نے اپنی پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے شہری اور مستقل سکونت والے غیرملکی ابھی بھی واپس آسکتے ہیں لیکن ان کے واپسی کے مواقع ختم ہوتے جارہے ہیں کیونکہ بہت ساری تجارتی ایئرلائنز اپنی پروازیں منسوخ کررہی ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم اپنی سرحدوں پر کسی قسم کے خطرات کو برداشت نہیں کریں گے تاہم مال بردار اور سامان لانے کیلئے سرحدیں کھلی رہیں گی اور لوگوں کو تلقین کریں گے کہ وہ دوکانوں پر جانے سے نہ گھبرائیں۔