آکلینڈ ۔ پاکستان کو پہلے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 154 رنز کا ہدف دیا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف سات گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل چھ رنز بنا کر شاہین آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ ٹِم سیفرٹ نے57 رنز بنائے۔ ان کو بھی شاہین آفریدی نے پویلین بھیجا۔ مارک چیپمین نے34 رنز بنائے ان کو حارث رؤف نے اپنے ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔ ان سے قبل گلن فلپس 23 رنز بناکرحارث کا نشانہ بنائے۔ حارث نے ڈیون کانوے کو پانچ رنز پر آؤٹ کیا۔ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم اوپنرزکارکرگی دکھانے میں ناکام رہے۔ کیوی بولروں کے خلاف کپتان شاداب خان نے مزاحمت کی اور شاندار 42 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف نے 31 رنز بنائے۔اوپنر عبداللہ شفیق دوسرے ہی اوور میں بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو ئے۔ چوتھے اوور میں محمد رضوان 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 20 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ اس وقت گری جب تجربہ کار محمد حفیظ بغیرکھاتہ کھولے چلتے بنے۔پاکستان کے ابتدائی تینوں بیٹسمینوںکو جیکب ڈفی نے آؤٹ کیا۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ بھی 20 کے اسکور پر ہی گری جب حیدر علی بولر اسکاٹ کگلیجن کو انہی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔ مشکلات میں گھری ٹیم کے اسکور کو شاداب خان نے خوشدل شاہ کے ساتھ مل کر آگے بڑھایا لیکن 20 گیندوں پر 16 رنز بنا کر شاہ نے سودھی کی گیند پر گپٹل کو کیچ تھما دیا۔چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عماد وسیم تھے جو 19 رنز بنا سکے۔ شاہین آفریدی دس رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔