نیوزی لینڈ کے خلاف جنوبی افریقہ کامیاب

   

ماؤنٹ مونگانوئی، 15 مارچ (آئی اے این ایس) شاندار بولنگ اور محتاط بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ جنوبی افریقہ نے 92 رنزکا ہدف 16.4 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔کونر ایسٹرہوئزن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر ناقابل شکست 35 رنز بنائے اور کائل جیمیسن کی گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم جنوبی افریقی بولروں نے ابتدا ہی سے حاوی ہوکر میزبان ٹیم کو مشکلات میں ڈال دیا۔ جیرالڈ کوئٹزی نے نئی گیند کے ساتھ شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے اوور میں ڈیون کونوے کو آؤٹ کیا اور کچھ ہی دیر بعد ٹام لیتھم کو ایل بی ڈبلیوکردیا۔ بعد ازاں اوٹنیل بارٹمین نے اپنے پہلے اوور میں دو وکٹیں لے کر ٹم رابنسن اور نک کیلی کو پویلین بھیج دیا، جبکہ روبن ہرمن کی شاندار براہِ راست تھرو نے بیون جیکبزکو رن آؤٹ کر دیا۔ یوں نیوزی لینڈ پاور پلے میں ہی 35 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا بیٹھا۔ بعد میں مچل سینٹنر اور جیمز نیشم نے اننگزکو سنبھالنے کی کوشش کی۔ سینٹنر نے 15 رنز بنائے لیکن وہ کیشو مہاراج کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔نیشم نے میزبان ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 26 رنز بنائے جن میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، مگر ان کے آؤٹ ہوتے ہی پوری ٹیم صرف 14.3 اوورز میں91 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کے ڈیبیو کرنے والے باؤلر نقوبانی موکوینا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کوئٹزی، بارٹمین اور مہاراج نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب زیکری فولکس نے ٹونی ڈی زورزی کو آؤٹ کر دیا اور بعد میں جیمیسن نے روبن ہرمن کو پویلین بھیج دیا۔ تاہم ایسٹرہوئزن نے اننگزکو سنبھالتے ہوئے درمیانی اوورز میں اہم شراکتیں قائم کیں۔ جیسن اسمتھ نے 10 رنز بنائے جبکہ آخر میں ڈیان فورسٹر نے 15 رنز کی مدد سے ٹیم کو ہدف تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔