پرتھ ۔4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹسٹ میچز کی سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم کا اعلان کردیا گیا، 13 رکنی اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ سیریز کا پہلا ٹسٹ 12 دسمبر سے پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم کو ٹسٹ سیریز میں باآسانی شکست دینے والی آسٹریلیائی ٹیم میں کیویز کے خلاف سیریز کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹسٹ میچز کی سیریز کے لیے 13 رکنی اسکواڈ کو برقرار رکھا گیا ہے، تاہم کیمرون بین کرافٹ کو ضرورت پڑنے پر طلب کیا جاسکتا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹسٹ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا جو 12 سے 16 دسمبر تک پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا دوسرا ٹسٹ 26 دسمبر اور آخری ٹسٹ میلبورن میں 3 جنوری سے شروع ہوگا۔آسٹریلوی اسکواڈ: ٹم پین (کپتان)، جوئے برنس، پیٹ کومنز(نائب کپتان)، جوش ہیزل ووڈ، ٹریویس ہیڈ، مارنس لابو شین، نیتھن لائن، مائیکل نیسر، جیمس پیٹنسن، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، میتھیو ویڈ اور ڈیوڈ وارنر۔ واضح رہے کہ برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو اننگز اور پانچ رنز سے شکست دی تھی جبکہ ایڈیلیڈ میں ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میں ٹیم اننگز اور 48 رنز کی کامیابی حاصل کی ۔