جدہ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے جدید تعمیر ہونے والے صنعتی شہر نیوم بے کے ہوائی اڈے پر آج اتوار سے تجارتی پروازوں کی آمد کا آغاز ہورہا ہے۔یہ خطے میں پہلا ہوائی اڈا ہے جہاں ففتھ جنریشن ( 5 جی) وائرلیس نیٹ ورک سروس استعمال کی جائے گی۔سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شہری ہوابازی نے گذشتہ ہفتے 30 جون سے نیوم بے کا ہوائی اڈا کھولنے کا اعلان کیا تھا اور پہلی تجارتی پرواز کی آمد کی اطلاع دی تھی۔اس نے کہا تھا کہ یہ 5 جی وائرلیس نیٹ ورک سے آراستہ ہوگا۔سعودی وزارتِ مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی ( ایم سی آئی ٹی) نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ ’’ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم تیزی سے مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں‘‘۔بین الاقوامی فضائی ٹرانسپورٹ تنظیم ( ایاٹا) کے ہاں اس ہوائی اڈے کی رجسٹریشن پہلے ہی ہوچکی ہے اور اس کی علامت ’’NUM‘‘ہے۔نیوم بے کے ہوائی اڈے کے افتتاح کے ساتھ ہی یہاں سرمایہ کاروں اور نیوم منصوبے کیملازمین کی پروازوں کی باقاعدہ آمد ورفت شروع ہو جائے گی۔
