تل ابیب، 22 جون (یواین آئی) اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہونے ایرانی نیو کلیئرتنصیبات پر امریکی حملے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک ایسا واقعہ ہے جو تاریخ کا رخ موڑ دے گا۔اتوار کے روز ایک خطاب میں نیتن یاھو نے کہا کہ ایران کی نیوکلیئرتنصیبات کو نشانہ بنانے کا امریکی فیصلہ بالکل درست تھا اور صدر ٹرمپ نے انتہائی قوت کے ساتھ درست اقدام اٹھایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ ٹرمپ کے ساتھ اس اصول پر متفق رہے ہیں کہ طاقت کے ذریعہ ہی امن قائم کیا جا سکتا ہے ۔نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ تاریخ یہ دن یاد رکھے گی کہ صدر ٹرمپ نے دنیا کے سب سے خطرناک نظام کو مہلک ترین ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدام کیا۔ ان کے بقول، ایران کی نیوکلیئرتنصیبات کو نشانہ بنانا ایک تاریخی موڑ ہے ۔اس کے ساتھ ہی اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے ایک سکیورٹی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ تل ابیب نے فی الوقت ایران پر مزید حملے روکنے کا فیصلہ کیا ہے ۔