ریاض: رابطہ عالم اسلامی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسی نے نیویارک میں لاؤڈ اسپیکرسے اذان کی اجازت پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہیکہ رابطہ عالم اسلامی جمعہ کی نماز اور رمضان کے مہینے میں نیویارک شہر میں لاؤڈ اسپیکرسے اذان کی اجازت کے اقدام کو قابل تعریف سمجھتا ہے۔میڈیا کے مطابق ڈاکٹر العیسی نے ٹوئٹر پر اپنے عربی، اردو اور انگریزی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’نیویارک شہر میں رمضان اور جمعہ کی اذان لاؤڈ اسپیکر پر دینے کی اجازت کا اقدام قابل تعریف ہے۔رابطہ عالم اسلامی تمام مسلم اقوام کی جانب سے اس منظوری پر اظہار قدرو منزلت کرتا ہے۔ رابطہ عالم اسلامی ان تمام افراد کا بھی شکر گزار ہے جنہوں نے نیویارک میں اذان کی اجازت حاصل کرنے کی کوشش کی اور اسے زمینی حقیقت بنانے کا مشن چلایا‘۔نیویارک کے میئر کی جانب سے شہر کی مساجد میں ظہر، عصر اور مغرب کی اذان لاؤڈ اسپیکرسے دینے کے آرڈیننس پر دستخط کے بعد نیویارک کی بلدیاتی کونسل کی عمارت میں اذان دی گئی۔نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے بلدیاتی کونسل کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران آرڈیننس پر دستخط کیے تھے اس کی درخواست نیویارک میں مقیم مسلم کمیونٹی کی جانب سے کی گئی تھی۔