اندراماں ہاؤزنگ کے استفادہ کنندگان کا انتخاب شفافیت سے کیا جائے، ضلع کلکٹرس کے ساتھ وزیر مال سرینواس ریڈی کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد 2 مئی (سیاست نیوز) وزیر مال و ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت ہر اسمبلی حلقہ میں منظور کئے جانے والے 3500 مکانات کے مستحق استفادہ کنندگان کے انتخاب کا عمل تیز کیا جائے۔ وزیر مال نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ استفادہ کنندگان کے انتخاب میں شفافیت کو ملحوظ رکھیں۔ اُنھوں نے ضلع کلکٹرس سے کہاکہ ضلع کے انچارج وزیر سے مشاورت کرتے ہوئے مستحق استفادہ کنندگان کی فہرست کی منظوری حاصل کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر اسمبلی حلقہ کے شہری علاقوں میں کم از کم 500 مکانات منظور کئے جائیں۔ وزیر ہاؤزنگ سرینواس ریڈی نے چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ کے ہمراہ بھوبھارتی، اندراماں ہاؤزنگ اور نیٹ امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ وزیر ہاؤزنگ نے کہاکہ اندراماں ہاؤزنگ مکانات 400 مربع فیٹ سے 600 مربع فیٹ کے درمیان ہونے چاہئیں۔ اِس سے زائد رقبہ کے مکانات کو اسکیم کے تحت شامل نہیں کیا جاسکتا۔ حکومت نے اراضی رکھنے والے بے گھر غریب خاندانوں کو مکان کی تعمیر کے لئے 4 مراحل میں 5 لاکھ روپئے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں درمیان میں اسکیم سے علیحدہ کیا جاسکتا ہے لہذا عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ ابتداء ہی سے قواعد کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ وزیر ہاؤزنگ نے کہاکہ 5 مئی سے 20 مئی تک 28 اضلاع کے 28 منڈلوں میں ریونیو سدسو کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ بھوبھارتی اسکیم کے فوائد سے واقف کرایا جائے۔ گزشتہ ماہ 4 منڈلوں کا انتخاب کرتے ہوئے پائلیٹ پراجکٹ پر عمل آوری کی گئی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ 4 پائلیٹ منڈلوں میں موصولہ درخواستوں کی 31 مئی سے قبل یکسوئی کردی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست کے 590 منڈلوں میں شعور بیداری پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ وزیر ہاؤزنگ کے مطابق ایک لاکھ 62 ہزار سے زائد کسانوں نے بھوبھارتی شعور بیداری پروگرام میں حصہ لیا۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ سرکاری اراضیات کے ریکارڈ کو بہتر بنائیں اور اسائینڈ اراضی سے متعلق تنازعات کی عاجلانہ یکسوئی کریں۔ نیٹ امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کو مؤثر انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ 4 مئی سے نیٹ امتحانات کا آغاز ہوگا اور تلنگانہ سے 72572 امیدوار امتحان میں حصہ لیں گے۔ 24 اضلاع میں 190 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ امتحانی مراکز پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ویڈیو کانفرنس میں اسپیشل چیف سکریٹری ریونیو نوین متن، سکریٹری ہاؤزنگ جوتی بدھا پرکاش، سی سی ایل اے ڈاکٹر مکارند، ہاؤزنگ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر وی پی گوتم اور ڈی آئی جی لاء اینڈ آرڈر مہیش بھاگوت نے حصہ لیا۔1