نیٹ میں دلت طلباء کا شاندار مظاہرہ

   

رہائشی اسکولس کے 203 طلباء کو ایم بی بی ایس میں داخلہ یقینی

حیدرآباد۔14۔جون(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے دلت طلبہ کے لئے چلائے جانے والے رہائشی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے 203 طلبہ نے NEET میں اعلیٰ نشانات سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایم بی بی ایس میں داخلہ میں کامیابی حاصل کرلی ہے اور TSWRIES کے ذرائع کے مطابق ایم بی بی ایس میں 203 طلبہ کو داخلہ ملنا یقینی ہے جبکہ بی ڈی ایس میں داخلہ کے اہل 1000 سے زائد طلبہ ہونے کا امکان ہے کیونکہ طلبہ کے نتائج کا جائزہ لینے کا عمل ابھی جاری ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اقلیتوں کے لئے TMRIES ٹمریز کے نام سے رہائشی اسکول چلائے جا رہے ہیں اور قبائیلی طلبہ کے لئے TTWRIES کے نام سے رہائشی اسکول چلائے جا رہے ہیں۔ تلنگانہ سوشل ویلفیر ریسڈینشل اسکولس ایجوکیشن سوسائیٹی نے اپنے ٹوئیٹر ہینڈل کے ذریعہ جو تفصیلات فراہم کی ہیں ان میں یہ کہا گیا ہے کہ 203 نشستوں پر ان کے طلبہ کو داخلہ حاصل ہوگا جبکہ بی ڈی ایس میں داخلہ 1ہزار سے زائد طلبہ کو حاصل ہونے کی توقع ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست کے رہائشی اسکولوں میں دلتوں کے لئے چلائے جانے والے ان اقامتی اسکولوں میں فراہم کی جانے والی تربیت حاصل کرنے والے طلبہ کو 203 ایم بی بی ایس کی نشستیں حاصل ہونے پر سوسائیٹی کے دفاتر اور اسکولوں میں زبردست جشن کا ماحول ہے۔سال گذشتہ یعنی NEET-2022 میں TSWRIES کے 190طلبہ نے ایم بی بی ایس میں نشستیں حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی اور گذشتہ 7 برسوں کے دوران دلتوں کے لئے چلائے جانے والے ان اقامتی اسکولوں کے 703 طلبہ نے ایم بی بی ایس میں نشستیں حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے دلتوں کے اقامتی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو ایم بی بی ایس میں داخلہ پر ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے ٹوئیٹر کے ذریعہ مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے یہ تعلیمی ادارے ان کا سر فخر سے اونچا کر رہے ہیں۔ سوسائیٹی کی جانب سے فراہم کی جانے والی تفصیلات کے سلسلہ میں کہا جار ہاہے کہ 203 نشستوں سے زیادہ نشست بھی ایم بی بی ایس میں حاصل ہونے کا امکان ہے اور عہدیدارطلبہ کے نتائج کا بریکی سے جائزہ لے رہے ہیں۔