نیٹو چیف مارک روٹے کی برازیل، چین اور ہندوستان کو وارننگ

   

واشنگٹن، 16 جولائی (یو این آئی) نیٹو چیف مارک روٹے نے خبردار کیا ہے کہ اگر برازیل، چین اور ہندوستان نے روس کے ساتھ تجارت جاری رکھی تو انہیں پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، جو ان ممالک کی معیشت پر شدید منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔ نیٹو چیف مارک روٹے نے کہا میری برازیل، بیجنگ اور نئی دہلی میں بیٹھے رہنماؤں سے اپیل ہے کہ وہ اس صورتحال کو سنجیدگی سے لیں، کیونکہ اگر روس کے ساتھ تجارتی تعلقات جاری رکھے گئے تو ان ممالک کو اس کا بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے ۔نیٹو چیف مارک روٹے نے مزید کہا کہ یورپ یوکرین کو امن مذاکرات میں بہترین پوزیشن پر لانے کے لیے درکار مالی وسائل فراہم کرے گا۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے پچھلے ہفتے نیٹو کا مسئلہ حل کر دیا ہے ۔فاکس نیوز کی اینکر پرسن اور اپنی بہو لارا ٹرمپ کو انٹرویو میں امریکی صدر نے بتایا کہ نیٹو کے ہر رکن ملک سے اب 2 فی صد کے بجائے 5 فی صد تک رقم لی جا رہی ہے ، پہلے وہ دو فی صد بھی نہیں دیتے تھے ۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ ممالک جو امریکہ کو استعمال کرتے تھے لیکن ناشکری کرتے تھے وہ اب امریکہ کے شکر گزار ہیں، اور یہ کہ ٹیرف وار اور اتحادیوں سے دفاعی اخراجات میں اضافے کے مطالبات کے فوائد سامنے آ رہے ہیں۔