نیپال سرحد پر نگرانی میں اضافہ

   

سدھارتھ نگر۔14 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) پڑوسی ملک نیپال سے جاری تازہ کشیدگی کے درمیان اترپردیش کے مہاراج گنج، سدھارتھ نگر، بلرام پور، شراوستی، بہرائچ، لکھیم پور کھیری اور پیلی بھیت اضلاع کی 550 کلومیٹر طویل بین الاقوامی سرحد پر نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔سرکاری ذرائع نے اتوار کو یہاں بتایا کہ لاک ڈاؤن کے چلتے بین الاقوامی سرحد سیل ہونے کے باوجود نئی خرافات سے بچنے کیلئے کی سرحد کی نگرانی کیلئے تعینات مسلح پولیس فورس اور پولیس کی طرف سے انتہائی چوکسی برتی جا رہی ہے ۔ذرائع نے کہا کہ بین الاقوامی سر حد کی نگرانی کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں اورکھوجی کتوں کی مدد بھی لی جا رہی ہے ۔ سر حد کو جوڑنے والے خام۔ پکے راستوں کے علاوہ دریا اور نالوں کی بھی نگرانی کے لئے سیکورٹی فورس تعینات کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں بین الاقوامی سر حد کی نگرانی کے لئے تعینات دیگر تمام انٹیلی جنس اور سیکورٹی ایجنسیاں بھی انتہائی چوکسی برت رہی ہیں۔