کھٹمنڈو ۔ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیپال کی سنٹرل بینک نے 200، 500 اور 2000 روپئے مالیت کی ہندوستانی کرنسی پر امتناع عائد کردیا ہے جس کی وجہ سے ہمالیائی مملکت کی سیاحت کرنے والے ہندوستانی سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ نیپال میں ہندوستانی کرنسی کا استعمال عام ہے۔ اطلاعات کے مطابق نیپال کی راشٹریہ بینک نے اتوار کے روز ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے تمام نیپالی سیاحوں، بینکس اور مالیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ 100 روپئے کی مالیت سے بڑھ کر کسی بھی مالیت کی ہندوستانی کرنسی کو قبول نہ کیا جائے۔ دی کھٹمنڈو پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق راشٹریہ بینک نے 200، 500 اور 2000 روپئے مالیت کے ہندوستانی کرنسی نوٹس کو ساتھ رکھنے اور ان کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی ہے جس کے مطابق نیپالی شہری ان کرنسی نوٹوں کو سوائے ہندوستان کے، کسی دیگر ملک کو لیکر نہیں جاسکتے اور اسی طرح نیپالی شہریوں کو دیگر ممالک سے بھی مندرجہ بالا مالیت کی نوٹوں کو نیپال لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بینک سرکلر کے مطابق 100 روپئے اور اس سے کم کی مالیت کے کرنسی نوٹوں کو تجارت اور زرمبادلہ کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ 13 ڈسمبر کو نیپالی کابینہ نے اس اعلامیہ کو نیپال گزٹ میں شائع کروایا۔ اس فیصلہ کی ٹریول ایجنسیوں اور دیگر تجارتی اداروں کی جانب سے سخت مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہیکہ یہ امتناعی احکام ایک ایسے وقت جاری کئے گئے ہیں جب حکومت نیپال ’’ویزٹ نیپال‘‘ کے عنوان سے سیاحت کو فروغ دینے کی مہم چلارہی ہے جس کے ذریعہ 2020ء تک نیپال کیلئے 20 لاکھ سیاحوں کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔