نیکلس روڈ چوراہے پر نرسمہا راو کے مجسمہ کی تنصیب کی تیاریاں

   

حیدرآباد۔ حکومت سے نیکلس روڈ کو ’نرسمہا راؤ‘ مارگ سے موسوم کرنے کے بعد اب نیکلس روڈ پر آنجہانی نرسمہا راؤ کے مجسمہ کی تنصیب کے کاموں کو تیز کردیا گیا ہے ۔ نیکلس روڈ چوراہے پر اندراگاندھی کے مجسمہ کے روبرو نرسمہا راؤ کے مجسمہ کیلئے جگہ کی نشاندہی کرلی گئی ۔ جی ایچ ایم سی ذرائع کے مطابق پی وی نرسمہا راؤ کے مجسمہ کی تنصیب کے کاموں کو تیز کردیا گیا ہے اور ان کے یوم پیدائش 28 جون سے قبل ان کو مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ اگران کی تکمیل یوم پیدائش سے قبل ہوتی ہے تو 28 جون کو نیکلس روڈ چوراہے پر نرسمہا راؤ کے مجسمہ کی نقاب کشائی کی جائے گی۔نیکلس روڈ کے آغاز پر نرسمہا راؤ کے مجسمہ کی تنصیب کے اقدامات سے مقامی منتخبہ عوامی نمائندوں اور کارپوریٹرس کو واقف کروایا جاچکا ہے اور کہا گیا ہے کہ کابینہ کے فیصلہ کے مطابق نیکلس روڈ کو نرسمہا راؤ کے نام سے موسوم کرنے کے فوری بعد جی ایچ ایم سی سے پی وی نرسمہا راؤ مارگ کے بورڈ آویزاں کئے جاچکے ہیں اور اب تیزی کے ساتھ چوراہے پر آنجہانی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے مجسمہ کے روبرونرسمہا راؤ کے مجسمہ کی تنصیب کے اقدامات ہورہے ہیں ۔ کہا جارہا ہے کہ اس سلسلہ میں تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور جی ایچ ایم سی نے ماتحتین اور متعلقہ منتخبہ عوامی نمائندوں کو واقف کروادیا ہے تاکہ منصوبہ میں کوئی رکاوٹ نہ ہوسکے۔