وائرس کا خطرہ ‘ ایران ‘ امریکی قیدیوں کے تبادلے کیلئے تیار

   

تہران 10 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے غیرمشروط تبادلے کیلئے بات چیت کرنے تیار ہے کیونکہ یہ اندیشے پیدا ہوگئے ہیں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے قیدیوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔ ایرانی ذرائع ابلاغ نے یہ اطلاع دی ۔ ایران کی ایک نیوز ویب سائیٹ میں کابینی ترجمان علی ربعی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ایران امریکہ کے ساتھ کسی شرط کے بغیر قیدیوں کا تبادلہ کرنے پر مذاکرات کیلئے تیار ہے ۔ تاہم امریکہ نے ابھی تک اس کا کوئی جواب نہیں دیا ہے ۔ ترجمان علی ربعی نے کہا کہ چونکہ آج کے ماحول میں قیدیوں کیلئے بھی کورونا وائرس کی وجہ سے خطرات پیدا ہوگئے ہیں ایسے میں ہمیں امید ہے کہ امریکہ کی حکومت بالآخر سیاست کرنے پر زندگیاں بچانے کو ترجیح دے گی اور مذاکرات کیلئے آگے آئے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کے خیال میں اس کے قیدیوں کی صحت کیلئے امریکہ ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ آئندہ وقتوں میں امریکہ صورتحال کو بہتر بنانے اور قیدیوں کے مسئلہ کو منطقی انجام تک پہونچانے کیلئے آگے آئے گا ۔ گذشتہ ہفتے امریکی عہدیداروں نے بھی اشارے دئے تھے کہ وہ قیدیوں کے تبادلہ کے مسئلہ پر کچھ پیشرفت کر رہے ہیں ۔ تاہم انہوں نے ایرانی حکومت کے ساتھ کسی طرح کے مذاکرات کی کوئی توثیق نہیں کی تھی ۔ واضح رہے کہ کئی ایرانی باشندے امریکہ کی قید میں ہیں اور ایران چاہتا ہے کہ کچھ امریکی قیدیوں کے بدلے میں انتہائی رہائی عمل میں لائی جائے ۔ ایران اس مسئلہ پر امریکہ کے ساتھ غیر مشروط بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے تاہم امریکہ نے ابھی تک اس پر واضح مثبت رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے ۔