حیدرآباد۔ حیدرآباد پولیس نے کوویڈ19کے سلسلہ میں شہر کے اہم معظم جاہی مارکٹ علاقہ میں بیداری پروگرام منعقد کیاتاکہ اس خطرناک وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے ۔حیدرآباد سٹی پولیس لااینڈ آرڈر،ٹریفک اورماونٹیڈ پولیس نے وائرس کی شکل کی ہیلمٹس پہن کر یہ بیداری پیدا کی۔بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے کہا کہ عوام کے تعاون سے لاک ڈاون پر موثر عمل کیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعض افراد بغیر کسی ضرورت کے اپنے گھروں سے ٹووہیلرس اور فوروہیلرس کے ذریعہ باہر نکل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سٹی پولیس سخت محنت کررہی ہے اور ایسے میں شہریوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گھروں میں ہی رہیں۔انہوں نے غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا۔