عہدیداروں کو ہریش راؤ کی ہدایت ، ایم آر او پر ناراضگی کا اظہار
حیدرآباد۔6۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے آج پٹن چیرو میں کورونا وائرس آئیسولیشن سنٹر پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سنٹر میں موجود افراد سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے مختلف سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔ سنٹر میں موجود ایک شخص نے شکایت کی کہ غذا کی سربراہی کا انتظام انتہائی ناقص ہے ۔ صبح کے وقت میں چائے کا کوئی نظم نہیں۔ عہدیداروں کو بارہا توجہ دلانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ ہریش راؤ نے تیقن دیا کہ وہ متعلقہ ایم آر او کو معطل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے دوسرے عہدیدار کو انتظامات کی ذمہ داری دیں گے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کورنٹائن سنٹر میں تمام بنیادی سہولتوں کا انتظام کیا جائے ۔ ہریش راؤ نے رام چندرا پورم کے میوری نگر میں کورونا پازیٹیو متاثرہ افراد کے افراد خاندان سے ملاقات کی۔ رکن اسمبلی مہی پال ریڈی کے ہمراہ ہریش راؤ نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے بتایا کہ وائرس کے شبہ میں دو افراد کو علاج کے لئے حیدرآباد منتقل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر افراد کو بھی گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا جائے گا ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ مشتبہ افراد کے فوری معائنہ کا انتظام کریں۔ اسی دوران ہریش راؤ نے گجویل میں مارکٹ یارڈ کا دورہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کی بھلائی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔ کسانوں کی پیداواری اشیاء کی خریدی کے لئے مارکٹس میں انتظام کیا گیا ۔