واشنگٹن ۔ وائس آف امریکہ واشنگٹن میں کام کرنے والے تقریباً 76 غیر ملکی صحافیوں میں سے جن کے ویزے اس مہینے ختم ہو رہے ہیں، ہو سکتا ہے کہ اکثر کے ویزوں کی تجدید نہ ہو سکے۔یو ایس ایجنسی فار گلوبل میڈیا کے ایک ترجمان نے جمعرات کو بتایا کہ ایجنسی جے ون ویزے کی تجدید سے متعلق ہر معاملے کا علیحدہ علیحدہ جائزہ لے رہی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایجنسی کے پاس اس وقت ایسے 62 کنٹریکٹر اور 14 کل وقتی ملازم کام کر رہے ہیں جو امریکہ میں جے ون ویزا پر ہیں۔ یو ایس اے جی ایم کے دوسرے اداروں میں کام کرنے والے صحافیوں کی ایک نامعلوم تعداد بھی اس صورت حال سے متاثر ہو سکتی ہے۔اس وقت تک کسی بھی صحافی کی اپنے جے ون ویزے کی تجدید کی درخواست مسترد نہیں کی گئی۔ لیکن کم از کم ایک صحافی ایسا ہے کہ جن کے ویزے کی تجدید کی مدت گزر چکی ہے اور ان کے پاس امریکہ سے واپس جانے کی مدت اس مہینے کے آخر تک ہے؛ جب کہ امریکہ کے دوسرے صحافیوں کے اپنے آبائی ملکوں کو واپس جانے کے لیے چند ہفتے باقی رہ گئے ہیں۔ کئی صحافیوں کو خطرہ ہے کہ امریکہ کیلئے رپورٹنگ کرنے کی وجہ سے انہیں اپنے ملک میں انتقامی کارروائی کا سامنا ہو سکتا ہے۔