وائس چانسلرمگدھ یونیورسٹی کے تین ٹھکانوں پر ایس یو وی کا چھاپہ

   

پٹنہ: بہار پولس کی اسپیشل یونٹ ویجیلنس (ایس یو وی)غیرقانونی طریقے سے اپنے عزیزوں کو تقریبا 20 کروڑ روپے کا ٹینڈر دئے جانے کے معاملے میں آج مگدھ یونیورسٹی، گیا کے وائس چانسلر راجندر پرساد کے تین ٹھکانوں پرچھاپے ماررہی ے ۔ ایس یو وی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نیئر حسنین خان نے بدھ کو یہاں چھاپے کی تصدیق کی ہے ۔ وائس چانسلر کی بودھ گیا واقع سرکاری رہائش گاہ اور دفتر کے ساتھ ان کے اترپردیش کے گورکھپور کے آبائی گھر پر بھی چھاپے کی کارروائی کررہی ہے ۔ تینوں مقامات پر محکمہ کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان صبح سے ہی مختلف چھاپہ مار ٹیمیں تحقیقات میں مصروف ہیں۔ دریں اثنا ایس یو وی کے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں وائس چانسلر کے خلاف ایس یو وی تھانہ میں کل مقدمہ درج کرنے کے بعد خصوصی عدالت سے درخواست کے بعد تلاشی وارنٹ حاصل کیا گیا۔ وائس چانسلر پر الزام ہے کہ انہوں نے بغیر ٹینڈر نکالے ہی غیرقانونی طریقے سے اپنے قریبی لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے تقریباً 20 کروڑ روپے کا کام الاٹ کردیا تھا، جو سرکاری التزامات کی خلاف ورزی ہے ۔