وائسرائے ہوٹل کے 315 کروڑ کے اثاثے قرق

   

حیدرآباد 2 اپریل (سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے وائسرائے ہوٹل لمیٹیڈ کے 315 کروڑ روپئے مالیتی اثاثہ جات کو قرق کرلیا۔ یہ کارروائی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کی گئی ۔ یہ کیس بینک دھوکہ دہی سے متعلق ہے جو بیسٹ اینڈ کرامپٹن انجینئرنگ پرائیوٹ لمیٹیڈ کا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ 2010 ء تا 2013 ء میں سنٹرل بینک آف انڈیا، آندھرا بینک اور کارپوریشن بینک کو 364 کروڑ کی دھوکہ دہی پر سی بی آئی اور دیگر ایجنسیوں نے مقدمہ درج کیا تھا اور ای ڈی نے منی لانڈرنگ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ۔ حیدرآباد کے علاوہ نئی دہلی، چینائی میں دھاوے کئے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے آج کی کارروائی میں سوجنا گروپ کے دفتر واقع ناگر جنا ہلز میں 124 ربر اسٹامپس کے علاوہ کئی فرضی کمپنیوں کے دستاویزات ضبط کئے اور ابتدائی تحقیقات میں یہ پتہ لگایا کہ بینکوں سے حاصل کی گئی قرض کی رقم محل ہوٹلس کو منتقل کی گئی اور بعدازاں تجارتی معاہدے کے تحت وائسرائے ہوٹل لمیٹیڈ کو بھی رقومات منتقل کئے گئے تھے۔ آج کی کارروائی میں ڈائرکٹوریٹ نے یہ بھی پتہ لگایا کہ وائسرائے ہوٹل حیدرآباد کا تعلق محل گروپ آف ہوٹلس سے ہے جس میں 315 کروڑ روپئے کا غبن ہوا ہے۔