وائٹ ہاؤس صدربائیڈن کی صحت پر فکر مند کیا کوئی متبادل ہوگا؟

   

واشنگٹن : امریکی صدر کی مباحثہ میں مایوس کن کارکردگی سے پریشان ڈیموکریٹس نے جو بائیڈن پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذہنی صحت کے حوالے سے شفافیت کا مظاہرہ کریں۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ پہلی بار ہے کہ امریکی صدر کو اْن کی ہی پارٹی کی جانب سے انتخابی دوڑ سے دستبردار ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔کچھ حامیوں نے گذشتہ ہفتے منعقد ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مباحثے کے بعد81 سالہ جو بائیڈن کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا۔مباحثے کے دوران جو بائیڈن کے جوابات واضح نہیں تھے اور وہ ہکلاہٹ کا بھی شکار رہے۔ امریکی شہریوں کو صدر کی عمر اور ان کی صحت کے بارے میں بہت سے خدشات لاحق ہیں تاہم جمعرات کے مباحثے میں ناقص کارکردگی نے ان خدشات کوتقویت دی ہے۔امریکی ایوان نمائندگان میں لائیڈ ڈاگیٹ پہلے ڈیموکریٹک قانون ساز ہیں جنہوں نے کْھلے عام جو بائیڈن سے دوسرے اْمیدوار کے لیے راستہ چھوڑ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں اْمید ہے کہ صدر ’دستبردار‘ ہونے کا تکلیف دہ اور مشکل فیصلہ کریں گے۔