وائٹ ہاؤس کابینہ اجلاس کے دوران ٹرمپ کی جھپکیاں

   

واشنگٹن : 4 ڈسمبر ( ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر تنقید کی زد میں آ گئے، سوشل میڈیا پر وائٹ ہاؤس میں ہونے والے کابینہ اجلاس کے دوران اونگنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو گھنٹے 18 منٹ طویل اجلاس کے دوران 79 سالہ ٹرمپ کئی بار آگے اور پیچھے جھولتے ہوئے اپنی آنکھیں کھلی رکھنے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ صارفین نے نشاندہی کی کہ صدر واضح طور پر نیند سے لڑتے نظر آئے، جب کہ کابینہ ارکان اپنی کارکردگی پر بریفنگ دے رہے تھے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹرمپ نے اجلاس کی ابتدا ہی میڈیا پر تنقید سے کی، یہ کہتے ہوئے کہ صحافتی حلقے ان کی عمر سے جڑے خدشات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں۔صحافیوں نے جب وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرو لائن لیوِٹ سے پوچھا کہ کیا ٹرمپ واقعی سو گئے تھے، تو انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ صدر نے پوری توجہ کے ساتھ اجلاس کی قیادت کی۔اس سے قبل بھی 6 نومبر کو اوول آفس میں انہیں چند لمحوں کے لیے آنکھیں بند کرتے دیکھا گیا تھا، جس پر امریکی میڈیا میں ان کی فٹنس اور توانائی سے متعلق مزید بحث چھڑی تھی۔ٹرمپ حالیہ دنوں میں اپنی صحت سے متعلق میڈیا رپورٹس پر شدید برہمی کا اظہار کر چکے ہیں، اسی دوران وائٹ ہاؤس کی جانب سے ڈاکٹرز کے ایڈوانسڈ امیجنگ ٹیسٹ کی تفصیلات جاری کی گئیں، جس میں صدر کی مجموعی صحت کو بہترین قرار دیا گیا ہے۔

ٹرمپ کیساتھ ٹیلی فونک بات چیت دوستانہ ماحول میں ہوئی: مادرو
کراکس : 4 ڈسمبر ( ایجنسیز ) وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ 10 دن قبل لاطینی امریکہ میں امریکی فوجی اضافے کے بارے میں دوستانہ ماحول میں بات چیت کی تھی۔مادورو نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ میں نے صدر ٹرمپ سے بات کی جو کہ دوستانہ اور احترام کے دائرے میں تھی اس رابطے کا مطلب یہ ہے کہ ایک دوستانہ مکالمت کی طرف قدم بڑھایا جا رہا ہے تو ہم بھی اس مکالمت کا خیرمقدم کرتے ہیں، سفارت کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں، کیونکہ ہم ہمیشہ امن کے متلاشی رہے ہیں۔اگست سے، امریکہ نے جنگی جہازوں کا ایک بیڑا اور دنیا کے سب سے بڑے طیارہ بردار جہاز کو کیریبین میں تعینات کیا ہے جبکہ منشیات کی اسمگلنگ کے بہانے کم از کم 22 جہازوں پر مہلک حملے کیے ہیں جن میں کم از کم 83 ہلاک ہوئے تھے۔
تاہم، مادورو نے کہا ہے کہ یہ کارروائی ان کی بائیں بازو کی حکومت کو گرانے اور ملکی تیل کے وسیع ذخائر پر قبضہ کرنے کی کوشش ہے۔ٹرمپ نے اتوار کو مادورو کے ساتھ فون پر بات چیت کی تصدیق کی لیکن کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔واشنگٹن نے مادورو پر الزام لگایا ہے کہ وہ مبینہ کارٹیل آف دی سنز کی قیادت کر رہے ہیں، جسے اس نے 24 نومبر کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ مادورو کی گرفتاری کے لیے خبر دینے پر 50 ملین ڈالر کا انعام بھی رکھا گیا ہے۔