وائی ایس آر کانگریس امیدواروں کا 16 مارچ اعلان

   

گنٹور سے جگن کی انتخابی مہم شروع ہوگی، وجئے اماں اور شرمیلا بھی مہم میں شامل
حیدرآباد ۔ 13۔ مارچ (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی 16 مارچ کو پارٹی امیدواروں کی فہرست جاری کریں گے اور اسی دن انتخابی مہم کا آغاز ہوگا۔ کڑپہ کے ایڈوپلا پایا میں آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی سمادھی پر حاضری اور خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد جگن لوک سبھا امیدواروں کے ناموں کا اعلان کریں گے ۔ اس کے بعد گنٹور کے گرزالا اسمبلی حلقہ سے پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے ۔ پڈوگو رالا میں جگن پہلے جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس کے بعد نرسی پٹنم ، نیلی مرلا اور پی گناورم میں جلسہ عام منعقد ہوں گے ۔ پارٹی کی اعزازی صدر وائی ایس وجئے اماں اور جگن کی بہن وائی ایس شرمیلا بھی انتخابی مہم میں حصہ لیں گی اور ان کے پروگرام کا علحدہ اعلان کیا جائے گا ۔ یہ دونوں کم از کم تین اسمبلی حلقوں کا احاطہ کریں گے ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری ٹی رگھو رام کے مطابق پرجا سنکلپ یاترا کے دوران جگن نے 134 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا تھا ۔ لہذا انتخابی مہم میں ایسے علاقوں کو ترجیح دی جا ئے گی جو سنکلپ یاترا میں شامل نہیں ہوئے۔ اسی لئے گرزالا اسمبلی حلقہ سے مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ۔ جگن موہن ریڈی نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ، ان پر مشتمل انتخابی منشور تیار کیا جارہا ہے، جو جلد جاری ہوگا۔ رگھو رام نے بتایا کہ ابتداء میں روزانہ تین جلسوں کی تجویز ہے۔ تاہم بعد میں اس میں اضافہ ہوگا۔ جگن کیلئے ہیلی کاپٹر کرایہ پر حاصل کیا جائے گا۔