حیدرآباد۔ نائب صدر جمہوریہ اور راجیہ سبھا کے صدر نشین ایم وینکیا نائیڈو اس وقت دل شکستہ ہوئے جب وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن نے ان کے خلاف ریمارک کیا۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن وجئے سائی ریڈی نے راجیہ سبھا میں ریمارک کیا کہ وینکیا نائیڈو کی روح بی جے پی کے ساتھ ہے جبکہ جسم تلگو دیشم کے ساتھ ہے۔ وینکیا نائیڈو نے اس ریمارک پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے راجیہ سبھا کے نائب صدرنشین کے عہدہ کیلئے نام کی پیشکشی کے بعد ہی پارٹی سے استعفی دے دیا تھا اس کے بعد سے وہ خود کو سیاسی سرگرمیوں سے دور کرچکے ہیں۔ ان کا دل ملک کے عوام کیلئے دھڑکتا ہے۔ وجئے سائی ریڈی نے راجیہ سبھا میں پوائنٹ آف آرڈر اٹھاتے ہوئے صدرنشین پر زور دیا کہ وہ تلگودیشم رکن کی جانب سے چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی کے خلاف کئے گئے ریمارک کو ریکارڈ سے حذف کردیں۔ صدرنشین راجیہ سبھا نے وجئے سائی ریڈی کے پوائنٹ آف آرڈر کو قبول نہیں کیا جس پر احتجاج کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس کے ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ گئے۔ اسی دوران پیچھے سے وجئے سائی ریڈی نے کرسی صدارت کے خلاف ریمارک کیا۔ مختلف جماعتوں کے ارکان نے صدرنشین سے اپیل کی کہ وائی ایس آر کانگریس رکن کے خلاف تادیبی کارروائی کریں۔