حیدرآباد یکم / اکٹوبر ( سیاست نیوز ) تلگودیشم پارٹی نے ولیج سکریٹریٹ و ٹاون سکریٹریٹ میں فراہم کردہ ملازمتوں کے مواقعوں کو ہدف ملازمت بناتے ہوئے وائی ایس آر حکومت پر صرف وائی ایس آر پارٹی کارکنوں کو ہی ملازمتیں فراہم کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ حکومت نے اس طرح کے اقدامات کرکے حقیقی لاکھوں بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقعوں سے محروم کر دیا اور اس طرح لاکھوں تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقعوں سے محروم کردینے کا اعزاز صرف اور صرف چیف منسٹر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو حاصل ہے ۔ سینئیر قائد تلگودیشم پارٹی و سابق وزیر مسٹر این آنند بابو نے اپنے اس خیال کا اظہار کیا اور بتایا کہ گذشتہ چار ماہ کے دوران 40 لاکھ افراد کو مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی زیر قیادت حکومت نے روزگار سے محروم کردیا ۔ سابق وزیر تلگودیشم پارٹی نے ریاستی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی زیر قیادت حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دریافت کیا کہ آیا ولیج و ٹاون سکریٹریٹ میں ملازمتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں متعدد و بے قاعدگیوں کے انکشافات ہونے کے باوجود حکومت تحقیقات کروانے سے پس و پیش کیوں کر رہی ہے ۔ تلگودیشم قائد نے کہا کہ کسی بھی ٹسٹوں یا امتحانات میں ٹاپ رینکس حاصل کرنے والے افراد نے میڈیا سے رجوع ہوکر اپنی قابلیت کا اظہار کرنے کے عادی رہتے ہیں لیکن ولیج و ٹاون سکریٹریٹ ٹسٹس میں ٹاپ رینکس حاصل کرنے والے افراد میڈیا کی نظروں سے اوجھل ہوجانے کا شاید یہ تاریخ کا پہلا واقعہ ہے ۔ مسٹر آنند بابو نے چیف منسٹر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو بے روزگار افراد سے کھلواڑ کرنے کے طریقہ کار کے خلاف سخت انتباہ دیا ۔